عبدالواسع کی پشاور پریس کے سالانہ انتخابات میں نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے صوبائی نائب امیر میاں صہیب الدین کاکاخیل ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سہیل بابر راہی ،ڈائریکٹر میڈیا فرقان خلیل اور الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے میڈیا منیجر نورالواحدجدون پرمشتمل وفد کے ہمراہ پشاور پریس کلب کا دورہ کیا اورپشاور پریس کے سالانہ انتخابات میں سینئر صحافی ایم ریاض کو بھاری اکثریت سے صدر ،طیب عثمان کو جنرل سیکرٹری،محمد عرفان کو نائب صدر،اختشام خان کو فنانس سیکرٹری سمیت گورننگ باڈی کے تمام ممبران کو منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نومنتخب کابینہ ممبران اور پشاور کے سینئر صحافیوں شمیم شاہد،ناصر حسین،فرید اللہ خان،سیف الاسلام سیفی اور پشاور پریس کلب کے دیگر ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے صوبائی امیر عبدالواسع نے کہا کہ پشاور پریس کلب صوبے میں صحافت کے لئے ایک درسگاہ کا درجہ رکھتی ہے جس نے ریاست کے چوتھے ستون کا حقیقی کردار اداکرنے والے ملک کے نامور صحافیوں کو متعارف کرایا  ہے جنہوں نے اس عظیم ادارے کے پلیٹ فارم سے نامساعد حالات میں صحافت جیسے عظیم پیشے کی حقیقی معنوں میں لاج رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، ملک کی تاریخ میں پشاور پریس کلب کا کردار ایک روشن باب کی مانند ہے جس سے وابستہ صحافیوں نے ملک میں انسانی حقوق،اظہار رائے کی آزادی ،جمہوریت کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے آمرانہ ادوار میں نہ صرف لازوال قربانیاں دی ہیں بلکہ پشاورپریس کلب نے ہر دور میں معاشرتی ناہمواریوں،جرائم کی بیغ کنی اور ظلم کے خلاف مظلوم کی تواناں آواز بن کر پیشہ ورانہ مہارت سے لیس صحافیوں کو متعارف کرایا ہیں جنہوں نے ملک اور بیرون ملک بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے