غزہ(صباح نیوز)غزہ کی پٹی میں 24 گھنٹوں میںاسرائیل کے 34 فضائی حملوں میں 71 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ایک تحریری بیان میں غزہ میں حکومت کے میڈیا آفس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج فضائی حملوں کے ذریعے غزہ کی پٹی کے نہتے لوگوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز اسرائیل کی جانب سے کیے گئے 34 فضائی حملوں میں 71 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے اور کہا گیا کہ غزہ میں شہریوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے والے یہ فضائی حملے اسرائیل کے سرزد کردہ ہولناک جرائم میں شامل ہیں۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ہسپتال، جن میں پہلے ہی انتہائی محدود سہولیات موجود تھیں، زخمیوں سے بھر گئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے سول ڈیفنس کی ٹیموں کو لاشوں تک پہنچنے سے روک دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ متعدد علاقوں بالخصوص شمالی شہر غزہ پر فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اب بھی سڑکوں اور ملبے تلے پڑی ہیں اور اسرائیل لاشوں کو جمع کرنے کی اجازت بھی نہ دے کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اسرائیلی فوج 454 روز سے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔