علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری معطل

اسلام آباد(صباح نیوز) راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا  علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری معطل کر دیئے۔جمعرات کو اے ٹی سی راولپنڈی میں علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری کے معاملے پر سماعت ہوئی۔۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل نے پشاور ہائی کورٹ کا حکم نامہ بھی عدالت میں جمع کرایا۔جس پر عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری معطل کر دیئے۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی منسوخ کر دی۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹِ گرفتاری حسن ابدال میں درج مقدمے میں جاری کئے تھے۔اس حوالے سے علی امین گنڈاپور کے وکیل محمد فیصل ملک کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے۔