صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی بلوچستان کے ضلع کیچ میں دھماکے کی مذمت ، دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ریموٹ دھماکے کی مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ آصف علی زرداری نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیساتھ ہیں اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بھی ریموٹ کنٹرول دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے ۔حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو پاکستان سے ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں ۔