وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے لوئر کرم کی تحصیل بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کرم اور دیگر زخمیوں سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فائرنگ کی آڑ میں اصل میں امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتی تھیں، سرکاری گاڑیوں پر حملہ بزدل دشمن کی سوچی سمجھی سازش ہے لیکن مذموم عزائم ناکام رہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کے پی کے حکومت سے رابطے میں ہیں، زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں اور ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا ہے، زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کی مخلصانہ کاوشوں کی قدر کرتے ہیں، گرینڈ جرگہ کے تمام عمائدین کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔  لوگوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کرم امن معاہدے کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے، پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پائیدار امن عامہ یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔ ان فیصلوں پر عملدرآمد سے علاقے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ دونوں رہنماں نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے دہشتگردی کے جنگ کے  شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا کہ شہدا نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے، پاکستان کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ ملاقات میں ملک کی  مجموعی صورتحال سمیت خیبرپختونخوا کے معاملات سمیت کرم میں امن و عامہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔