پشاور (صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم میں نئی پولیس چیک پوسٹیں بنانے سمیت 2 ایف سی پلاٹونز بھی تعینات کی جائیں گی۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے بیان میں کہا کہ ایک صدی سے زیادہ عرصیکیکرم تنازع کے پائیدار حل میں کامیاب ہوئے، کرم مسئلے کے حل کیلئے جرگے کی تقریباً 50 سے زیادہ نشستیں ہوئیں، جرگہ اراکین نے خلوص کے ساتھ کوششیں کیں جبکہ کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت پوری انتظامیہ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ سڑک کی بندش کا مقصد مزید خونریزی کا راستہ روکنا تھا، سڑک کی بندش کے باعث حکومت کو مسائل کا پوری طرح ادراک تھا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ادویات اور دیگر سروسز کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کیا جس کے ذریعے تقریباً 15 ٹن ادویات پہنچائی گئیں اور 700 سے زائد افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی سروس فراہم کی گئی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ دھرنا دینے والوں کے مطالبات تسلیم ہوئے، امن معاہدے کے بعد دھرنوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا، متاثرین کو معاوضے دینے کا عمل جلد شروع ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کرم شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکاروں کو بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ، نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت 2 ایف سی پلاٹون بھی تعینات کیے جائیں گے۔