لوئرکرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ،ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور 3اہلکار زخمی

 کرم  (صباح نیوز)لوئرکرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور 3ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔  کے مطابق لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کو زخمی حالت میں تحصیل لوئر علیزئی  ہسپتا ل منتقل کردیا گیا ۔ پٹی کمشنر کے علاوہ ایک پولیس اہل کار کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے،

لوئر کرم کے علاقے بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔آر پی او کوہاٹ نے کہا کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کرم زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ فریقین نے نہیں کی، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ علاوہ ازیں تحصیل علی زئی ضلع کرم میں عرفانی کلی کے قریب سرکاری گاڑیوں پر پتھرائو اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ  پر گورنر خیبر پخونخوا نے  مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی قافلے پر فائرنگ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے  ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود  کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ محسن نقوی نے کہاکہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھنائونی حرکت کی۔ دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کا واقعہ،پہلے قافلے کی روانگی روک دی گئی

 لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کے واقعہ  کے باعث کرم کو پہلے قافلے کی روانگی روک دی گئی۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، صورتحال کے باعث پہلا قافلہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ فائرنگ میں زخمی ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے، بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہرہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھپری کے مقام پر پولیس اور حکومتی اعلی حکام موجود ہیں، فائرنگ شرپسندوں کی جانب سے کی گئی، معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔