واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ کی 30 ریاستیں اس وقت برفباری اور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے امریکیوں کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا اس وقت سخت سرد موسم کا شکار ہے اور اس خاص موسمیاتی کیفیت جسے ‘پولر ورٹیکس کہا جاتا ہے اس کی وجہ سے 30 سے زیادہ امریکی ریاستوں میں شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے، کچھ ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سے لے کر منفی 29 ڈگری تک ہے جب کہ کینیڈا کی ریاست مینی ٹوبا میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا کے موسمیاتی ادارے نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ اوہائیو سے لیکر واشنگٹن تک مختلف ریاستوں میں 6 سے 12 انچ تک برف پڑسکتی ہے، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں پہلے ہی اضافہ ہوگیا ہے
جب کہ سخت سردی اور برفباری کی وجہ سے 6 امریکی ریاستوں میں ایمرجنسی کی صورتحال کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی بی سی نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ برفباری کی وجہ سے 1500 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور 5 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مختلف سڑکیں بھی برفباری کے باعث بند ہیں جب کہ کچھ ریاستوں میں سکول بھی بند کردیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک موسمیاتی ادارے کا بتانا ہے کہ ممکنہ طور پر حالیہ جنوری میں ہونے والی سردی 2011 کے بعد امریکی تاریخ میں جنوری میں ہونے والی سب سے زیادہ سردی ہوگی۔