سعودی عرب میں ویزا اور اقامہ کی تجدید کی نئی فیس مقرر

 ریاض(صباح نیوز)سعودی وزارت داخلہ کے ابشر بزنس پلیٹ فارم نے اداروں کو پیش کی جانے والی اقامہ اور ویزا سمیت 7 خدمات کیلئے تازہ ترین فیس متعارف کرادی ہے۔

گلف نیوز میں مقامی اخبار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں ابشر بزنس پلیٹ فارم نے رہائشی اجازت نامے یا اقامہ کی تجدید کی فیس 57.75 سعودی ریال میں مقرر کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق فائنل ایگزٹ کی فیس 70 سعودی ریال مقرر کی گئی ہے، اقامہ کے اجرا کی تازہ ترین فیس 51.75 سعودی ریال مقرر ہے تاہم غیرملکیوں کیلئے پاسپورٹ کی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کی فیس 69 سعودی ریال ہے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں ابشر بزنس پلیٹ فارم میں کہا گیا ہے کہ فیس افراد کو فراہم کی جانیوالی خدمات کے بدلے وصول کی جاتی ہے۔خیال رہے سعودی عرب میں رہائش کیلئے آپ کے پاس اقامہ ہونا ضروری ہے جس کی وجہ سے آپ قانونی رہائشی تصور کئے جاتے ہیں اور اقامہ کی تجدید بھی کروانی لازمی ہوتی ہے۔سال 2023 کے سروے کے مطابق سعودی عرب میں غیرملکیوں کی کل تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے۔

سعودی گیزٹ میں گزشتہ سال کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی، پاکستانی، مصری، یمنی اور بنگالی ایک کروڑ سے زائد افراد سعودی عرب میں ملازمت کررہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 30 لاکھ ہندوستانی، 25 لاکھ پاکستانی، 22 لاکھ مصری، 14 لاکھ یمنی اور 12 لاکھ بنگالی شہری موجود ہیں۔