صدر مملکت اور وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں 3مختلف کاروائیوں کے دوران 19دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین،انٹیلی جنس اور سیکورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں 3مختلف کاروائیوں کے دوران 19دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انٹیلی جنس و سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 3بہادر جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

آصف علی زرداری نے لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان کے ورثا سے اِظہار تعزیت کیا اور شہدا کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشتگردی کے فتنہ کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی متنی ضلع پشاور، بازئی ضلع مہمند اور ضلع کرک میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔وزیرِاعظم نے آپریشن کے دوران 19دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے شہدا  کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے امن و امان کو خراب کرنے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار و جوان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ارض وطن کو دہشتگردی کے ناسور سے پاک کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی بقا ء کی خاطر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی لازوال قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔