سرگودھا (صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے ملک کے خلاف نہیں جانا، کوئی کہہ دے کنوئیں میں چھلانگ لگا دیں، ایسا نہیں کرنا، بہکاوے میں آگ لگانے والے آج جیلوں میں ہیں ، حسان نیازی 10 سال بعد رہا ہوگا تو دنیا بدل چکی ہوگی۔
سرگودھا میں ہونہار اسکالر شپس پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ طلبہ کو گارڈ آف آنر دینا آپ کی محنت کو سلام ہے، ہونہار اسکالر شپ ملکی تاریخ کا پہلا اور سب سے بڑا پروگرام ہے، اسکالرشپس طلبہ کو سیاسی وابستگی سے بالائے طاق رکھتے ہوئے دی گئی ہیں۔ تمام طلبہ اور ان کے والدین کو بہت بہت مبارکباد دیتی ہوں، بطور وزیراعلی میں بہت خوش ہوں، میری ہدایت پر آپ کو گارڈ آف آنر دیا گیا، میرا خیال ہے کہ طلبہ کے لیے اسکالرشپس حاصل کرنے کا سفر آسان نہیں تھا، مجھے احساس ہے کہ والدین نے کس محنت سے آپ کو یہاں پہنچایا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اسکالرشپس طلبہ کی محنت کا ثمر ہے، اس لیے شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، اس پروگرام کو بنانے میں کردار ادا کرنے والی ٹیم خصوصا (وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر) اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فرخ بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔
ان کا کہنا تھا پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو اسکالرشپس میرٹ پر دی گئی ہیں، سیکنڈ اور تھرڈ ایئر کے طلبہ کو بھی وظائف دینے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا جائے گا، اگلے سال 50 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گے، یہ آپ کا پیسہ ہے اور آپ پر ہی لگنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی تعلیم سے اس لیے محروم رہ جائے کہ اس کے پاس وسائل کی کمی ہے تو میری لیے بہت شرمندگی کی بات ہے، 68 شعبوں میں اسکالرشپس دی جارہی ہیں جس میں جدید مضامین شامل ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا پاکستان میں 60 فیصد نوجوان ہیں، چاہتی ہوں کہ تمام طلبہ اپنی اپنی ذمہ داری سے روشناس ہوں اور کچھ بھی ہوجائے یہ عہد کریں کہ ملک کے خلاف نہیں جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ جو آپ کو جلا گھیرا، ملک میں انارکی پھیلانے کا کہے، ایک صوبے کو دوسرے صوبے پر یلغار کرنے کا کہنے والا طلبہ کا سگا اور ہمدرد نہیں ہوسکتا،
اپنے بچوں کو باہر بٹھا کر دوسرے والدین کے بچوں کو گولیاں چلانے کے لیے سڑک پر کھڑا کرنا کہاں کی تہذیب ہے۔مریم نواز نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سنائی بات کو آنکھیں بند کر یقین نہ کیا کرو، اللہ نے آپ کو ذہانت اور لیاقت دی ہے، اپنے ملک اور والدین کو سامنے رکھ کر اپنا فیصلہ کرنا، جنہوں نے بہکاوے میں آکر انتہائی اقدام اٹھایا وہ جیلوں میں سڑ رہے ہیں، آج ان کے والدین پریشان ہیں اور اذیت سے گزر رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے 9 مئی کے کیس میں سزا یافتہ مجرم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین کے دل پر آج کیا گزرتی ہوگی، حسان نیازی نے فوجی وردی کو ڈنڈے پر ٹانگ کر پوری دنیا کو تماشا دکھایا، سزا کے بعد اس کا مستقبل تباہ ہوگیا۔