ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کا واحد راستہ عوام کی رائے کے سامنے سرنڈر کرنا ہے،محمد علی درانی

 اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر اور سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے موجودہ حکومت کو ڈیڈ پولیٹیکل ویٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کا واحد راستہ عوام کی رائے کے سامنے سرنڈر کرنا ہے۔عوام کی رائے سے منتخب حکومت جب تک نہیں آئے گی، پاکستان مسائل سے نہیں نکلے گا اور نہ ہی معاشی استحکام کا مقصد حاصل ہوپائے گا۔

ایک انٹرویو میں سابق وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ 6 فروری 2024 کے انتخابات کے دِن سے ہی موجودہ حکومت بند گلی میں ہے کیونکہ عوام نے اسے اقتدار نہیں دیا۔ موجودہ حکومت وہ اختیار استعمال کررہی ہے جو اسے کبھی ملا ہی نہیں۔ ایک سوال پر محمد علی درانی نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس بندگلی سے نکلنے کا ایک ہی باعزت راستہ تھا جسے عدلیہ پر چھبیس ویں ترمیم کا بم مار کر بند کردیاگیا۔ بدقسمتی سے چھبیس ترمیم کا شکار خود اس ترمیم کو کرنے والے حکمران ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ چھبیس ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کے چاروں ٹائروں کو پنکچر کردیاگیا ہے۔ جس سے پیدا ہونے والے عذاب مستقبل میں یہ ترمیم کرنے والوں پر ہی گرے گا۔ ایک اور سوال پر محمد علی درانی نے کہاکہ پوری دنیا میں مسلمہ اصول ہے کہ لاش کوئی بھی گھر پر نہیں رکھتا۔موجودہ حکومت سیاسی لاش ہے جسے اسٹیبلشمنٹ بھی زیادہ دیر تک کاندھے پر نہیں اٹھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دانش مندی یہی ہے کہ عوام کے سامنے سرنڈر کردیں۔ان کی رائے مان لیں۔ ذاتی مفاد کے بجائے پاکستان کو اپنی ترجیح بنا ئیں تاکہ ملک اور عوام دونوں کو ریلیف مل سکے۔