وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کے لئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو مل کر کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے لائحہ عمل بنانا ہو گا۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ کسی بھی غیرملکی کو غیرقانونی طور پر پاکستان میں قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی کے دوران تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور امریکی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نیٹلی بیکر بھی ملاقات میں موجود تھیں۔