سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن ،19دہشتگرد ہلاک، 3 اہلکار شہید

راولپنڈی (صباح نیوز ) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3مختلف کاررائیاں کرتے ہوئے 19دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 3جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف 3 مختلف کاررائیاں کیں، یہ کارروائیاں صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے متنی، ضلع مہمند کے علاقے بائیزئی اور ضلع کرک میں کی گئیں۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پشاور متنی آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 8دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، مہمند بائیزئی آپریشن میں بھی 8 دہشت گرد مارے گئے، کرک آپریشن میں 3خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 19خوراج دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرک میں جھڑپ کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر، اور نائیک محمد عثمان شامل ہیں، علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔