چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سول سروسز اکیڈمی لاہور میں زیر تربیت افسران کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز) چیف جسٹس آف سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی سے سول سروسز اکیڈمی لاہور میں زیر تربیت افسران نے ملاقات کی ہے، چیف جسٹس پاکستان نے سول سروس کا انتخاب کرنے والے افسران کو مبارکباد دی ہے۔ سپریم کورٹ رجسٹرار سے جاری اعلامیے کے مطابق منگل کے روز سول سروسز اکیڈمی لاہور میں زیر تربیت افسران نے چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی،

اس موقع پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 1973ء کے آئین سے 26ویں ترمیم تک آئینی تاریخ کا تعارف پیش کیا۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے اختیارات کی تقسیم اور آئین کی اہمیت پر زور دیا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے وفد کو عدالتی امور اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی،57ہزار 347 مقدمات سپریم کورٹ جبکہ 24 لا کھ مقدمات ملک بھر کی عدلیہ میں زیر التواء  ہیں۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے سول سروسز میں زیرتربیت ملازمین کو کمزور طبقے پر توجہ دینے اور ٹیکنالوجی کے استعمال بارے میں آگاہ کیا۔