غلام مرتضیٰ خان جتوئی سے سے ممتاز حسین سہتو کی قیادت میں جماعت اسلامی وفد کی ملاقات

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتاز حسین سہتو کی قیادت میں سندھ کے پانی پر ڈاکے، بدامنی، ڈاکو راج اور بدترین حکمرانی کے خلاف12 جنوری کو سکھر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے جتوئی ہاؤس مورو پہنچ کر سابق وفاقی وزیر، این پی پی سربراہ اور جے ڈی اے کے مرکزی رہنما غلام مرتضی خان جتوئی سے ملاقات اور دعوت نامہ پہنچایا۔

اس موقع پر دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکرو، نعیم احمد کمبوہ، حافظ عبدالواحد خانزادہ، ندیم احمد غوری، حافظ عبدالحق پنجور سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ممتاز حسین نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث عوام کی جان، مال اور عزت بھی محفوظ نہیں رہی، حکومت کو چاہئے کہ بڑھتی بدامنی، اغوا اور تاوان کے واقعات کو فوری طور پر روکنے کے لیے مناسب اقدامات کرے، ضلع کشمورکندھ کوٹ تاوان کیلئے اغوا کا مرکز بن چکا ہے۔ بدامنی کی وجہ سے تعلیم، کاروبار اور زراعت تباہ ہوچکی ہے اور لوگ اپنے آبائی علاقہ چھوڑ کر ہجرت پر مجبور ہیں۔اس حوالے سے جماعت اسلامی سندھ نے 12 جنوری کو سکھر میں ”اے پی سی” طلب کی ہے جس میں سندھ کی تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں،وکلاء تنظیموںکو دعوت دی جارہی ہے تاکہ عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کے لیے مناسب لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔

اس موقع پر اے این پی سربراہ غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی جانب سے دی گئی آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت کو قبولاور دوستوں سمیت اپنی شرکت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سندھ کے مشترکہ قومی مفادات کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے سندھ دوست جماعتوں کے ساتھ مل کر ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔