اللہ سے محبت اور عہد کا تقاضا ہے کہ اپنی جان و مال کو اس کی راہ میں لگادیں ، شگفتہ ابراہیم

کراچی(صباح نیوز) اللہ سے محبت اور اس سے کیے گئے عہد کا تقاضا ہے کہ اپنی جان و مال کو اس کی اطاعت اور اس کی راہ میں لگادیں اور اخلاص نیت کے ساتھ غلبہ دین کے لیے یکسو ہوکر جدودجہد کریں ۔

ان خیالات کا اظہار نائب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ شگفتہ ابراہیم نے نو منتخب ناظمہ ضلع جامشورو شگفتہ ساجد کی تقریب حلف کے موقع پر کیا۔ انہوں نے ناظمہ ضلع کو استقامت کی  دعا دیتے ہوئے کہا کہ جو خلق خدا کو دین کی طرف بلائے  اور دین الٰہی کو کفر کے مقابلے  میں غالب کرنے کی جدو جہد کرے ان کو اللہ نے انصار اللہ کہہ کر اعزاز  سے نوازا ہے۔

اس موقع پر نگراں ضلع جامشورو اور نائب معتمدہ سندھ عالیہ شمیم ، سابقہ ناظمہ ضلع ثمینہ شہزاد بھی موجود تھیں۔مزید  براں نائب معتمدہ صوبہ سندھ عالیہ شمیم نے کہا کہ اللہ پر یقین و توکل بندگی رب کی کیفیت پیدا کرتی ہے اور اطاعت و فرمانبرداری کی راہ پر چلاتی ہے۔  اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت لازم اور سند نجات ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری زبان حب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دعوے سے سرشار ہے مگر عملی زندگی رسولۖ للہ کی طاعت و اتباع سے خالی ہے ، ہماری عبادتیں بے روح ہیں،ہمیں اپنا محاسبہ کرتے ہوئے اخلاص کے ساتھ جائزہ لینا چاہیے کہ کیا واقعی ہم اپنے معاملات میں اپنی زندگیوں میں اللہ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا راستہ اختیار کیے ہوئے ہیں ۔