مظفر آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک حریت وفد نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان پیدائشی حقِ خودارادیت دلا نے میں اپنا کرداراداکرے۔ اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر موجود ارکان اسمبلی نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی اور ان کے تشخص کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا۔ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سراہا گیا۔
بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کسی بھی طاقت کو کشمیری عوام کے تشخص کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ملاقات میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، شیخ عبدالماجد، سید منظور احمد، راجہ خادم حسین، محمد اشرف ڈار، زاہد صفی، زاہد اشرف، سید گلشن احمد، نذیر کرنائی، عبدالمجید میر، عبدالحمید لون اور عزیر غزالی شامل تھے۔