کرم میں لشکر کشی کرنیوالے فریق کو دہشتگرد سمجھ کر کارروائی کی جائیگی،بیرسٹرسیف

پشاور(صباح نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرم میں لشکر کشی کرنیوالے فریق کو دہشتگرد سمجھ کر کارروائی کی جائیگی۔اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختو نخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرم میں ہفتہ کے روز سے قافلوں کی روانگی کا سلسلہ شروع ہو گا،

بروز ہفتہ جانے والے قافلے کے سفری اور حفاظتی انتظامات جاری ہیں، ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کرم کو اسلحہ اور بنکرز سے پاک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ کے مطابق اسلحہ جمع کرنے کے لئے دونوں فریق 15 دنوں کیاندر مربوط لائحہ عمل دینگے، اسلحہ کی آزادانہ نمائش و استعمال پر پابندی ہوگی، اسلحہ خریدنے کے لئے چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ معاہدے کے مطابق فریقین کے ہر قسم کے بنکرز کی تعمیر پر پابندی ہوگی، علاقے میں پہلے سے موجود بنکرز ایک مہینے کیاندر ختم کئے جائینگے، بنکرزمسماری کے بعد جو فریق لشکر کشی کرے گا اس کو دہشت گرد سمجھ کر کارروائی کی جائیگی۔