خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنیوالے بلدیاتی ملازمین پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی

پشاور (صباح نیوز)  فنڈ نہ ملنے پر خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے بلدیاتی ملازمین پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی۔

چند روز قبل بلدیاتی ملازمین نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے بلدیاتی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر حکومت کی جانب سے کوئی سرگرمی نظر نہ آنے اور کسی حکومتی عہدے دار کے مذاکرات نہ ہونے پر بلدیاتی ملازمین نے اپنی دی گئی ڈیڈلائن پرعمل کیا اور آج یکم جنوری کو صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج شروع کرتے ہوئے خیبر روڈ کو بند کردیا۔

ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کی کوشش کی، ان کے وہاں سے نہ جانے پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔ مظاہرین تھوڑی دیر کے لیے وہاں سے منتشر ہوئے جس کے بعد انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بند کردیا۔