سری نگر: جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ( ڈی ایف پی )نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور 5 جنوری 1949 کی تاریخی قرارداد پر عمل درآمد کرے، جس میں کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی تھی۔اپنے بیان میں، ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ٹھوس اقدام کرے۔
انہوں نے کہا کہ 1947 سے حل طلب تنازع نے کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر تشدد، تباہی، اور مصائب سے دوچار کیا ہے۔ڈی ایف پی نے بھارتی فورسز کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کو قتل، ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بیان میں بھارتی حکومت پر وادی کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی ہے جس کا مقصد مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔
پارٹی نے دوبارہ مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ ڈی ایف پی نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فوری اقدامات کرنے اور کشمیری عوام کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے