اسلام آباد(صباح نیوز)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مارکیٹ کی ضروریات اور طلبہ کی بڑھتی ہوئے مانگ کو مد نظر رکھتے ہوئے سمسٹر بہار 2025 کے داخلوں میں او ڈی ایل موڈ کے تحت انٹرنیشنل ریلیشنز(آئی آر)میں چار سالہ بی ایس پروگرام آفر کردیا ہے، پیش کئے جانے والے نئے تعلیمی پروگرامز میں فیس ٹو فیس موڈ کے تحت(آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیٹا سائنس)چار سالہ دو بی ایس پروگرامزبھی شامل ہیں۔
فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ہدایت کی تھی کہ مارکیٹ کی ڈیمانڈز کے مطابق گریجویٹ پیدا کرنے والے تعلیمی پروگرامز آفر کئے جائیں، اِن ہدایات کی روشنی میں ہم نے یہ پروگرامز پیش کردئیے ہیں جن کے گریجویٹس کے لئے ملک اور بیرون ملک کیرئیر کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اِن پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر دستیاب ہیں۔داخلے کے لئے اپلائی صرف اور صرف آن لائن کیا جاسکتا ہے۔ مزید تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود پراسپکٹس سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔