پشاور(صباح نیوز) کرم میں امن کے قیام کی طرف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، معاہدے کی روشنی میں امن کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ یہ کمیٹیاں مقامی افراد، قبائلی اور سیاسی قیادت پر مشتمل ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کمیٹیاں مختلف مسالک اور فقہ کے افراد کے افراد پر مشتمل ہیں جبکہ ان کمیٹیوں کی ضمانت پر ہفتہ کو اشیا خوردنوش اور سامان پر مشتمل گاڑیوں کا قافلہ پاراچنار روانہ ہوگا۔یہ اقدام یکم جنوری کو ہونے والے امن معاہدے کے جرگے کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ قافلے کی حفاظت کے لیے پولیس کو ذمہ داری سونپی گئی ہے،
جبکہ ہنگامی صورت حال میں دیگر ادارے بھی معاونت کے لیے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔مقامی لوگوں نے 15 دن کے اندر اسلحہ ریاست کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا ہے اور مقامی بنکرز کا خاتمہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔امن کمیٹی میں سابق ایم این اے پیر حیدر علی شاہ، عابی فیض اللہ، حسین علی شاہ، اور اپر کرم سے سابق سینیٹر سجاد حسین طوری اور ایم پی اے علی ہادی سمیت 48 ممبران شامل ہیں۔