اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان میں موجود اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی کامسٹیک اور یونیورسٹی آف لاہور نے مشترکہ طور پر بنگلہ دیش میں تعلیم اور پیشہ وارانہ ترقی میں معاونت کے لئے اپنے سکالرشپ و فیلوشپ پروگرام برائے بنگلہ دیش کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے طلبا، محققین، سائنسدانوں اور تکنیکی عملے کے لیے خواہ وہ کسی بھی ملک میں موجود ہوں ، پاکستان میں مکمل ڈگری اور مختصر مدت کی تربیت کے لئے سکالرشپس/ فیلوشپس مہیا کی جائیں گی۔اتوار کو کامسٹیک سے جاری بیان کے مطابق یہ پروگرام الائیڈ ہیلتھ سائنسز، انجینئرنگ و ٹیکنالوجی، سائنسی مضامین، سوشل سائنسز، مینجمنٹ سائنسز، آرٹس و آرکیٹیکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارمیسی اور ادب کے شعبوں کا احاطہ کرے گا۔ اپنے بیان میں کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پروگرام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کے لئے کامسٹیک کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ بنگلہ دیش کے نوجوان سائنسدانوں و محققین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا جس سے دونوں ممالک کے بیچ علمی و سائنسی تعاون کا نیا باب کھلے گا۔ انہوں نے پروگرام کے لئے تعاون کرنے پر یونیورسٹی آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین اویس رئوف کا شکریہ ادا کیا۔
سکالرشپ پروگرام کے لئے عمر کی حد 22 سے 45 سال رکھی گئی جبکہ سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس- دو طرفہ سفری اخراجات، مقامی ٹرانسپورٹ، ماہانہ اعزازیہ، محققین اور تربیت حاصل کرنے والوں کے لیے مفت رہائش بھی دی جائے گی۔ پروگرام کے لئے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ یکم مارچ 2025 ہے۔یہ تمام سکالرشپس و فیلوشپس پاکستان میں موجود یونیورسٹی آف لاہور کے لئے ہونگی، یونیورسٹی آف لاہور کا شمار پاکستان سمیت دنیا کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے جو حال ہی میں کیو ایس رینکنگ میں دنیا کی پہلی 500 بہترین جامعات میں شمار کی گئی ۔ کامسٹیک کی جانب سے پاکستان سمیت او آئی سی کے دیگر رکن ممالک میں سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس سے سائنسی تعاون کی ترویج کے ساتھ ساتھ ان ممالک کے نوجوان سائنسدانوں کا وسیع پلیٹ فارم مہیا کیا جارہا ہے جس کے تحت و اپنے ملک سے باہر جاکر بھی جدت اور ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ یہ پروگرام کامسٹیک کوآرڈنیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف کی پاکستان اور او آء سی رکن ممالک کے مابین تعاون اور سائنس کی ترویج کے کئے کوششوں کا احاطہ کرتا ہے۔