پشاور میں احتجاج کرنے والے بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں،امیرالعظیم

لاہو ر (صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ پشاور میں احتجاج کرنے والے بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ پر امن احتجاج کرنا ہر فرد کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ جس طرح پی ٹی آئی کو احتجاج کا حق ہے ویسے ہی سب کو احتجاج کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کی جانب سے بدترین لاٹھی چارج غیر جمہوری رویہ ہے۔صوبائی حکومت نے تین سال سے بلدیاتی نمائندوں کے فنڈزروک کر انہیں دیوار سے لگایا ہوا ہے۔

صوبائی حکومت نے اپنے تحصیل چیئرمینوں کو فنڈزجاری کیے ہیں جبکہ اپوزیشن کے فنڈزروک رکھے ہیں۔صوبہ بھر کے منتخب بلدیاتی نمائندے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا صوبائی حکومت عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہی ہے۔ حکومت عوام کے منتخب نمائندوں کے پرامن احتجاج سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے، بلدیاتی نمائندوں کو فی الفور فنڈزجاری کریں۔