منعم ظفر خان کا اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے 12جنوری کو ”غزہ مارچ” کا اعلان

کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اوراہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بروز اتوار 12جنوری کو سی وی یو پر عظیم الشان و تاریخی ”غزہ مارچ” کیا جائے گا،بچے ،بزرگ ، نوجوان ،مائیں، بہنیں اپنی فیملی کے ہمراہ مارچ میں شرکت کر کے اہل غزہ و فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں ،اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ اور پاکستانی مصنوعات کی تشہیر کے لیے 18,19جنوری کو ایکسپو سینٹر میں ”میرا برانڈ پاکستان ” کا انعقاد کیا جائے گا،

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن 18جنوری کو ایکسپو سینٹر میں”میرا برانڈ پاکستان” کا افتتاح کریں گے،قابض میئر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ2025ترقی کا سال ثابت ہوگالیکن 2024قابض میئرمرتضیٰ وہاب کی سرپرستی میں بھیانک خواب ثابت ہوا ،شہری پریشان رہے ،عملاً پورا شہر مافیا کے کنڑول میں ہے ، سال کے اختتا م تک شہری پانی سے محروم رہا اور ٹینکر مافیا کا راج رہا،تباہ حال اسٹرکچر، ٹوٹی سڑکیں،بہتے گٹر، کرپشن ،لوٹ ماراور ریڈ لائن کا منصوبہ شہریوں کے لیے عذاب بنا رہا۔جماعت اسلامی کی ”حق دو کراچی تحریک ”جاری ہے ،اہل کراچی کے جائز حقوق کے حصول کے لیے آئینی ، قانونی اور جمہوری جدوجہد کرتے رہیں گے اور شہریوں کو ان کے حقوق دلا کر رہیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر پاکستان بزنس فورم کراچی سہیل عزیز،جنرل سیکرٹری عامر رفیع،ڈپٹی سکریٹری جماعت اسلامی کراچی ابن الحسن ہاشمی،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر موجود تھے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ دو دن پہلے قابض میئر مرتضی وہاب نے کہا کہ 2025ترقی کا سال ثابت ہوگا،سال2024میں کے الیکٹرک مافیا نے شہر میں پوری طرح پنجے گاڑے رکھے اور لوگ بھاری بھاری بل اداکرنے کے باوجود 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی اذیت کا شکار رہے،شہر کے اندر قبضوں ،جعلی فائلوں ،ڈبل فائلوں کا دھندا ریاستی طاقتوں اور پیپلز پارٹی کی پشت پناہی سے زوروشور سے جاری رہے ، 70ہزار سے زائد کرائم کے واقعات ہوئے ، 109افراد ہلاک ہوئے ،کم وبیش 800افراد حادثات کا شکار ہوئے ، ٹینکر ،ٹرالر ،ڈمپر شہریوں کو بے دردی سے کچلتے رہے ،

پیپلز پارٹی کی تعلیم دشمن پالیسیاںجاری رہیں ،چاہے وہ ایم ڈی کیٹ کے نام پر ہوں اورچاہے انٹرمیہڈیٹ کے نتائج کے نام پر ، جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔اہل کراچی کے حقوق ہر صورت حاصل کرے گی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تقریباً450دنوں سے اسرائیل کے فلسطین پر مظالم جاری ہیں ،فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ، اب تک 46ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے،ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہیں، یہ ساری جارحیت ،نسل کشی امریکہ کی سرپرستی میں ہورہی ہے ، امریکہ اسرائیل کو ہر طرح کی مالی امداد اور اسلحہ فراہم کررہا ہے ، مسلم دنیا کے حکمران اپنے اقتدار کے جانے کے خوف سے فلسطینیوں کی مدد نہیں کررہے ، ہسپتالوں تک کو نہیں چھوڑا جارہا ،ابھی پچھلے دنوں آخری اسپتال کو بھی بمباری کرکے تباہ کردیا گیا ، لیکن ان سب مظالم کے باوجود فلسطینی استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ،اس وقت کی ضرورت یہ ہے کہ امت مسلمہ بیدار ہو، اور اس کے حکمران اور بالخصوص او آئی سی جو صرف زبانی جمع خرچ کرتی ہے کو ئی قدم اٹھائے ، مسلم ممالک کے حکمران سر جوڑ کر بیٹھیں بالخصوص پاکستان آگے بڑھے کیونکہ پاکستان ایٹمی قوت ہے۔اقوام متحدہ اپناکردار ادانہیں کررہا اس کی ہر قرارداد کو امریکہ ویٹو کردیتا ہے ،

جماعت اسلامی نے ہمیشہ فلسطین کے لیے آواز بلند کی ہے ،آج سے 3دن پہلے اسلام آباد میں حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے فلسطینیوں کی حمایت کے لیے ایک عظیم الشان ”غزہ ملین مارچ ”منعقد کیا ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال پاکستان بزنس فورم کے پلیٹ فارم سے ایکسپو میں ”میرا برینڈ پاکستان ”کا ایک بہت بڑا ایونٹ منعقد کیاگیا تھا ، اسی طرح اس سال 2025میں 18،19جنوری کو میرابرینڈ پاکستان ایکسپوکا انعقاد کیا جارہا ہے ، اس ایکسپوکا مقصد ایک جانب یہ ہے کہ ہم پاکستانی مصنوعات کو پروموٹ کریں اور دوسری جانب یہ ہے کہ ہم ان مصنوعات کا بائیکاٹ کریں جس کا فائدہ اسرائیل کو پہنچایا جاتا ہے ، اس ایکسپو کے نتیجے میں جہاں ایک طرف پاکستانی مصنوعات آگے بڑھیں گی دوسری جانب اس سے حاصل ہونے والی رقم کو مظلوم فلسطینی بھائیوں کی امداد کے لیے خرچ کیا جائے گا ،ہم اہل کراچی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ایکسپو میں بڑی تعداد میں شریک ہوں تاکہ ایک جانب پاکستانی مصنوعات بھی پروموٹ ہوسکے اور دوسری جانب مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد بھی ہوسکے ۔