لاہور(صباح نیوز) وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران مریم نواز شریف نے انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت دی اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے ہمیشہ برادرانہ تعاون کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب بڑا بھائی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں، پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کیلئے سکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو سپیشل پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔اس موقع پر شہزادہ منصور نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے استحکام اور ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔