اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز کی اپروول کمیٹی کا9واں اجلاس منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان سمیت صوبائی حکومتوں نے نمائندگی کی اور اہم محکمانہ فیصلوں سمیت” لینڈ لیز پالیسی” کی منظوری دے دی گئی۔
مزید برآں سپیشل اکنامک زونز کے ایکٹ میں ترمیم کر کے اجلاس بلانے کے نوٹس کو 21سے کم کر کے 7دن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ ان زونز کیلئے اہم پیشرفت کو بلا تاخیر مکمل کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے 35صنعتی مراکز کا سروے مکمل ہونا، ان کے مسائل کی نشاندہی اور حل بہت بڑی پیش رفت اور اہم کامیابی ہے جس سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کم سے کم وقت میں سپیشل اکنامک زونز کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے اور بہتر معیار یقینی بنانے کے لئے اہم اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کو سپیشل اکنامک زونز کی سروے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اب ان صنعتی مراکز کا ڈیجیٹل ڈیٹا موجود ہے، یہ میوچل پراپرٹی ہے اور تمام متعلقہ ادارے اس سے مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ تیزی سے امور نمٹانے کے لئے اپروول کمیٹی کا باقاعدگی سے اور برو قت اجلاس ہونا انتہائی ضروری ہے لہذا اس کمیٹی کا آئندہ اجلاس فروری میں دوبارہ طلب کیا جائے۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز سے متعلق تمام امور کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جو کہ موجودہ تقاضوں کے عین مطابق ہے اور معیاری سہولیات سے آراستہ ان صنعتی مراکز میں دیگر ممالک سے سرمایہ کاری سے تیزی سے معاشی ترقی ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے غیر ضروری پیچیدگیوں کی بجائے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں جس کیلئے سپیشل اکنامک زونز میں ہر طرح کی انڈسٹری کی حوصلہ افزائیں کریں گے تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ آ سکے۔ اپروول کمیٹی کے اجلاس میں شرکا نے حل طلب امور پر مثبت گفتگو کرتے ہوئے سپیشل اکنامک زونز کی موجود ہ صورتحال پر غور و خوض کیا اور 18نکاتی ایکشن پلان پیش کیا جبکہ سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اور سینئر افسران نے سپیشل اکنامک زونز اور محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔