کراچی(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، بیرونی اداروں پر انحصار کم کرنے کیلئے مقامی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ 9 سال قبل لگایا جانے والا تمام سٹاک مارکیٹوں کے انضمام کا پودا اب تناور درخت بن چکا ہے، 2017 میں سیاسی عدم استحکام کے باعث معیشت کا پہیہ رک گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں سٹاک مارکیٹ 100 ارب ڈالر تھی۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب محمد نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو قرضوں کی شرح جی ڈی پی کے 63 فیصد تھی، 2018 کے بعد پاکستان کے قرضوں کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوا۔
نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب میں شرکت ان کیلئے خوشی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان بین الاقوامی برادری میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا، جیسے کہ 27 سال بعد پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) جیسے بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔