پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں،موٹرویزبند، فلائٹ آپریشن متاثر

لاہور (صباح نیوز)پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹر ویز متعدد مقامات سے بند اور فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا ، موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم3 لاہور سے ملتان تک بند  رہی ۔موٹر وے ایم 4 پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے، موٹروے ایم 11 لاہور سیالکوٹ پر بھی ٹریفک کی نو انٹری ہے، حد نگاہ میں بہتری کے بعد ملتان سکھر موٹروے ایم 5 کو کھول دیا گیا ۔

اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی دھند کا راج برقرار ہے، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔دوسری جانب دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ، ٹرینوں کی آمدورفت بھی بدستور تاخیر کا شکا رہے جس کے باعث مسافروں کو پریشان کا سامنا کرنا پڑا۔