پشاور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا نے پشاور یو نیورسٹی میں اسٹیک ہولڈرز ڈائیلاگ ان سٹوڈنٹس یو نینپر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم وسیم حیدر، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبد الواسع، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی چیئر مین یو تھ آفئیرزطار ق آفغان ایڈوکیٹ، سینئر صحافی محمود جان بابر، پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئر مین منصور زیب،انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی ترجمان مرادخان اور دیگر طلبہ تنظیموں کے نمائندے شریک ہو ئے۔
آل پارٹیز کانفرنس کا مقصد اسٹیک ہولڈرز ڈائیلاگ ان سٹوڈنٹس یونین تھا۔ آل پارٹیز کانفر نس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہو ئے حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ جامعات ایکٹ 2024میں ترمیم کے زریعے طلبہ یو نین بحالی بل صوبائی اسمبلی میں پیش کرکے اس کے لیے عملی اقدامات کئے جا ئیں۔صوبائی حکومت یونین الیکشن کا شیڈول فوری جاری کرے۔ طلبہ یو نین پر پابندی سے ملکی سیاست پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں سیاست جاگرداروں اور سرمایہ داروں کے پاس چلی گئی ہیں۔ طلبہ یونین نے اساتذہ اور انتظامیہ کے درمیان ہمیشہ پل کاکردار اداکیا۔طلبہ یونین کی مکمل بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس نے مطالبہ کیا کہ جامعات کے مالی اور انتظامی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔ اس وقت صوبے میں 46لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں،ان بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔سمسٹر سسٹم میں اصلاحات کی جائیں۔اور کالجز میں طلبہ کے لیے داخلہ نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔نئے جامعات اور کالجز کی تعمیر سمیت تعلیمی اداروں کے انفراسٹر کچر کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔ نئے میڈیکل کالجز کی تعمیر کے لیے فوری توجہ دی جائے. جامعات کو منشیات اور ہراسمنٹ سے پاک بنانے کے لیے موثر منصوبہ اور ترجیحی اقدامات کیے جائیں۔ صوبے کے اکثریت جامعات میں وائس چانسلرز عدم تعیناتی سے انتظامی مسائل کا شکار ہیں،وہاں پر فوری طور پر مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی کو یقینی بنایاجائے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری آفتاب حسین اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔۔