سیاسی جماعتیں آگے بڑھیں ،بنوں چھاؤنی کو عوام کیلئے کھولنے میں کردار ادا کریں،پروفیسرابراہیم

پشاور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے وفد کے ہمراہ بنوں پریس کلب کا دورہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مفتی عارف اللہ، سیکرٹری جنرل اعجاز الحق سورانی، میڈیا اسسٹنٹ محمد جبران سنان اور مولانا ہدایت اللہ شامل تھے۔

وفد نے بنوں پریس کلب کے نو منتخب صدر پیر نیاز علی شاہ کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ عرصہ دراز سے جاری ہے۔ اس وقت امن و امان کا مسئلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دو عشروں سے زیادہ ہوگئے امن و امان تباہ ہے، فوجی آپریشن ہوتے ہیں لیکن اس کے نتیجے میں امن بحال ہونے کے بجائے مزید خراب ہوجاتا ہے۔ حکومتی ادارے اپنا کردار ادا نہیں کر رہے ۔

انہوں نے کہا کہ بنوں چھائونی کسی دور میں عوام کے لیے کھلی ہوتی تھی، کھیل کود اور تفریحی سرگرمیاں ہوتی تھیں، لیکن آج بنوں چھائونی اور اس کے قرب و جوار کی سڑکیں عوام کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ تمام ضلعی دفاتر چھائونی کے اندر ہیں جن تک پہنچنے کے لیے چیک پوسٹ پر عوام کو ذلیل و خوار ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں آگے بڑھیں اور بنوں چھائونی کو عوام کے لئے کھولنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔سول علاقوں میں چیک پوسٹوں پر مرد و خواتین کو ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سیاسی جماعتیں عوام کو اس ذلت سے نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں ہم نے امن پاسون کے موقع پر مطالبات رکھے تھے، جنہیں تسلیم کرلیا گیا تھا، جی او سی کوہاٹ نے بھی وعدے کیے تھے لیکن ابھی تک نا پھاٹک ہٹائے گئے نہ ہی جمعہ خان روڈ سمیت دیگر سڑکیں لوگوں کے لیے کھولی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے عوام کو شکایات ہیں۔ ڈی آئی جی ، ڈی پی او ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر عوام کے مسائل اور مشکلات کے حل کے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ واپڈا اور سوئی گیس سے مطالبہ ہے کہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیر نیاز علی شاہ اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھائیں گے اور قوم کی ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔