دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں،محسن نقوی


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اتحاد اور اتفاق سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی پولیس چوکی تختہ بیگ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پربہادر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز  نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں سپوتوں کوقوم سلام پیش کرتی ہے، اتحاد اور اتفاق سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کے جری افسروں اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔