احتجاج کیس، بانی پی ٹی آئی،شاہ محمود، شیخ رشید ودیگر بری


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن نے تھانہ آبپارہ میں درج الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف احتجاج کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی ، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد و دیگر ملزمان کو بری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزمان کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔بانی پی ٹی آئی ، شیخ رشید و دیگر کی جانب سے وکلا سردار مصروف ، آمنہ علی و دیگر پیش ہوئے۔عدالت نے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی و دیگر کی درخواست منظور کر لی ،شیخ رشید ، شہریار آفریدی ، فیصل جاوید ، راجہ خرم نواز ،علی نواز اعوان، اسد قیصر کوبھی بری کردیاگیا۔ بانی پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی ، شیخ رشید و دیگر کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔