سینیٹ قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کا اسلام آبادکلب میں رکن کی دوسری ،تیسری بیوی کے داخلے پر پابندی کا نوٹس

اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے اسلام آبادکلب میں رکن کی دوسری اور تیسری بیوی کے داخلے پر پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے کلب کے انتظامیہ کو طلب کرلیا  جب کہ بعض ارکان نے توشہ خانے کے تحائف کی اوپن نیلامی کا مطالبہ کردیا ،  توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات طلب کرلی گئیں ہیں۔

کمیٹی  کا اجلاس چیئرمین رانا محمود الحسن کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ  کابینہ کے 117 فیصلے زیرالتواء  ہیں،اگر کابینہ کے فیصلے التواء ہیں تو باقی معاملات کیسے چلیں گے ۔ حکام نے کہا کہ کابینہ ڈویژن میں فیصلے زیرالتوا نہیں رہیں گے۔اسپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی فائل سات دن سے زیادہ نہیں  رہتی،جتنے پرانے دستاویز ہیں ان کومحفوظ رکھنے کا محکمہ کابینہ ڈویژن کے پاس ہے۔ اجلاس کی کاروائی کے دوران کمیٹی میں توشہ خانہ بھی زیر بحث آگیا ۔ توشہ خانہ کو کابینہ ڈویژن ڈیل کرتا ہے۔اسپیشل سیکرٹری  نے بتایا کہ اب3 سو ڈالر سے اوپر کا تحفہ کوئی نہیں اپنے پاس نہیں رکھ سکتا، تحفہ سرکاری طور پر ایوان صدر، پارلیمنیٹ ہاؤس وزیراعظم ہاؤس سمیت میوزیم یا دیگر قومی عمارتوں میں  ہی رکھا جائے گا،اگر کسی کو کوئی تحفہ ملے تو جمع کرانے کے پابند ہیں،  آکشن کی بھی کابینہ نے منظوری دی ارکان کا کہنا تھا کہ  کون فیصلہ کرے گا کہ یہ تحفہ تین سو ڈالر کا ہے؟

حکام نے کہا کہ ا توشہ خانہ  کی انتظامیہ خود قیمت فروخت کا تعین  نہیں کرے گی  وہ ایف بی آر کو لکھے گا، ارکان نے مطالبہ کیا کہ اوپن آکشن کا طریقہ کار اختیار کیا جائے ۔ کابینہ ڈویژن کے حکام نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے پاس 18 بلٹ پروف گاڑیاں ہیں،2016 کے بعد سے گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہے، اس کے بعد کی کوئی گاڑی ہمارے پاس نہیں، کابینہ ڈویژن حکام نے مزیدکہا کہ چھ ہیلی کاپٹر ہیں، تین مکمل فعال ہیں، دو ہیلی کاپٹر تو تقریبا ڈیڈ ہیں،کمیٹی نے ہیلی کاپٹر کے کرائے سے متعلق  طریقہ کار بارے تفصیلات مانگ لیں۔اجلاس کے دوران اسلام آباد کلب میں دوسری بیوی کے حوالے سے پابندی کا معاملہ اٹھ گیا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اسلام آباد کلب کی انتظامیہ  کہتی ہے کہ  کلب میں کسی کی دوسری  تیسری بیوی کوآنے کی  اجازت نہیں دے سکتے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ااسلام میں چار شادیوں کی اجازت ہے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ملک میں کسی اور کلب میں یہ پابندی نہیں،صرف اسلام آباد کلب میں ہے، اس معاملے پر آئندہ اجلاس میں کلب کے حکام کو طلب کرلیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈکابینہ ڈویژن میں  آگیا ہے، پہلے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے پاس تھا ،درخواست کی گئی  تھی منسٹر کے بجائے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرنی چاہیئے ۔

کابینہ ڈویژن حکام نے بتایا کہ ماضی میں توشہ خانہ کے تحائف کی نیلامی میں سرکاری ملازم حصہ لے  سکتے تھے،اب توشہ خانہ کے تحائف کی نیلامی میں سرکاری ملازم حصہ نہیں لے سکتیکمیٹی نے فروری 2023 کے بعد ملنے والے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات طلب کرلیں چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جو لوگ فارن آفس کاغذات کی تصدیق کرواتے تھے وہ سسٹم  آن لائن کردیا گیا ہے،  لوگوں کو دو تین مہینے تک اپوائنٹمنٹ نہیں مل رہی۔چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ وہاں مافیا سرگرم ہو گیا ہے وہ لاکھوں روپے رشوت کے لیتا ہے، پورے ملک سے لوگ خوار ہورہے ہیں، ابھی فارن آفس کے لئے لوگ زیادہ پریشان ہیں۔ اجلاس میں چاہت فتح علی خان کے گانے بدو بدی کی قائمہ کمیٹی میں بھی بازگشت سنائی دی ۔سول ایوارڈز کے لئے پالیسی اور گائیڈ لائنز سے متعلق بریفنگ کے دوران بدو بدی گانے کا تذکرہ  ہوگیا۔ اسپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے کہا کہ  ملک کی آبادی سے زیادہ لوگوں نے وہ گانا سن لیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وہ گانا سن کے سر درد ہو گیا،اتنا بے سرا گانا ساری زندگی میں نے نہیں سنا،کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کے پاس موجود تمام گاڑیوں سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں۔