محرم الحرام میں امن قائم رکھنا تمام اہلِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ملی یکجہتی کونسل

اسلام آباد(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی رہنماوں نے کہا ہے کہ ماہِ محرم الحرام میں وحدت، اتحاد اور امن قائم رکھنا تمام اہلِ اسلام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے قیام کا مقصد اتحاد امت، بین المذاہب ہم آہنگی،مشترکہ مقدسات کا احترام و عزت و تقدس کا خیال رکھنا ہے۔ پورے ملک کے خطبا و اعظین اور ذاکرین سے اپیل ہے کہ کسی کی دل آزاری نہ کریں ، کربلا  کی عظیم قربانی کا پیغام حق کا پیغام ہے اور اس پیغام کو پہنچانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ اتحاد و حدت اور یکجہتی کو ماحول قائم کرنے کے لیے ملی یکجہتی کونسل پاکستان اپنا کردار ادا کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار جامعہ نعیمہ اسلام آباد میں مرکزی نائب صدر،مفتی گلزار احمد نعیمی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،سیدناصرعباس شیرازی ،ڈاکٹر علی عباس نقوی ،محمد نصراللہ رندھاوا ، علامہ سید وزیر کاظمی  اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ باہمی اختلافات اور بگاڑ نے اہلِ اسلام کے لیے بڑی مشکلات پیدا کی ہیں، جس کا تمام تر فائدہ اسلام دشمن اور اسلاموفوبیا میں مبتلا قوتیں اٹھارہی ہیں۔پاکستان میں بسنے والے ہر فرد کے بنیادی حقوق اور دینی مسالک کا احترام و حفاظت سب کا فرض ہے۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان ماہِ محرم الحرام اور یومِ عاشورہ کو پر امن بنانے کے لیے ہم آہنگی اور اتحاد و وحدت کا ماحول قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ ماہ محرم الحرام میں 25جولائی 2024کو پیام کربلا اور اتحاد امت کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔قائدین نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ انتہائی کرب ناک صورتحال اختیار کر چکا ہے ہم مل کر لائحہ عمل اپنائیں گے تا کہ حکومت پاکستان کو آمادہ کریں کہ وہ اس مسئلہ کے حل اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے عملی کردار ادا کرے۔بھارت کشمیر میں فاشزم کر رہا ہے اور حکومت پاکستان خاموش ہے ۔شہید مظفر وانی کی شہادت کے بعد آزادی کشمیر کی تحریک میں جان پڑی ہے اور ایک نیا جذبہ اور ولولہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران افغانستان کے مابین تجارت خطے کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔ عالمی عدالت انصاف کے غزہ پر فیصلے کے باوجود اسرائیل ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ امت مسلمہ کو اس سلسلے میں اقدام کرنا چاہیے۔اجلاس میں ڈاکٹر محمد شیر سیالوی ، سیکرٹری جنرل جماعت اہل حرم پاکستان، مرتضی عباس رابطہ سیکرٹری، ملی یکجہتی کونسل پاکستان، اسرار احمد ، آفس سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان و دیگر نے شرکت کی۔