گلشن اقبال ٹاؤن کراچی کی حدود میں درخت کاٹنے پر پابندی

کراچی(صباح نیوز)گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے ٹاؤن کی حدود میں ہر قسم کے درختوں کے کاٹے جانے پر پابندی عائد کردی ہے- انہوں نے کہا کہ کوئی فرد یا سرکاری و غیرسرکاری ادارے کا عملہ ٹاون کی حدود میں درخت نہیں کاٹ سکے گا- اگر کسی مقام پر کسی ناگزیر وجہ سے کسی درخت کو کاٹنا ہو تو متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین سے اجازت نامہ لینا پڑے گا-

ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ درختوں کو کاٹنا کراچی کے ساتھ نادان دوستی کے مترادف ہے- ہم نے گلشن اقبال ٹاؤن کو سرسبز و شاداب اور ماحول دوست ٹاؤن بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور اب تک 38 پارکوں میں سے 14 کو بحال کیا جاچکا ہے- ہم 15 جولائی سے  بہت بڑی شجرکاری مہم شروع کررہے ہیں جس میں نہ صرف پارکوں، میدانوں اور سڑکوں میں درخت لگائے جائیں گے بلکہ لوگوں کو کچن گارڈننگ کی طرف بھی متوجہ کیا جائے گا-

ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ درخت کاٹنے پر پابندی کے بعد اگر کسی نے اس حکم کی خلاف ورزی کی تو ٹاؤن انتظامیہ اس کے خلاف قانونی کاروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے.