چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز کیلئے نیوٹرل وینیو فائنل ہوگیا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے لیے دبئی کو فائنل کیا گیا، دبئی میں پاک بھارت ٹاکرا بھی ہوگا،پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 23فروری کو دبئی میں ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کرکٹ بورڈ کے سربراہ نیہان المبارک کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں وینیو طے کیا گیا۔دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات گھوٹکی کے ایک خیمے میں ہوئی، پی سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے وینیو کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔ چیمپینز ٹرافی میں بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں ہوں گے

جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا بھی 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم 15 جنوری تک مکمل تیار ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو آج فائنل کرلیں گے، پاکستان اور بھارت اگلے 3 سال تک نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گے۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ممکنہ شیڈول بھی گزشتہ روز ہی سامنے آیا تھا جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، بھارت کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں میچ پاکستان میں ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جب کہ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک-بھارت مقابلہ 23 فروری کو نیوٹرل مقام پر ہوگا۔