جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا مرحوم عبدالحمید بٹ کی چوتھی برسی پر خراج عقیدت

 سری نگر: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے  مرحوم عبدالحمید بٹ کی چوتھی برسی  پر تحریک آزادی کشمیر میں ان کے کردار پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ  اپنے اسلاف و اکابرین کی انتھک محنت اور دی جانے والی لازوال قربانیوں پر  ہے جس کی بدولت نہ صرف قوم کے اندر جدوجہد کا جذبہ پیدا ہوا بلکہ ہند و پاک سمیت عالمی اداروں میں مسئلہ گونجنے لگا۔

ایک بیان میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے کہا کہ مرحوم عبدالحمید بٹ بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ اور قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کے ہمراہی اور سپہ سالار ہونے کے سبب ان کے حقیقی سیاسی و نظریاتی وارث تھے۔ ترجمان نے مرحوم عبدالحمید بٹ کی چوتھی برسی کے موقع پر انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحومم تنظیم و تحریک آزادی کے تئیں اپنے اخلاص اور قربانیوں کے پیش نظر ایک تاریخ ساز شخصیت تھے جس کا کو ثانی یہ تھا۔مقبول بٹ شہید کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جموں جیل میں بارہ سال کی قید تنہائی کے مصائب و آلام پر ان کا صبر اس بات پر مہر ثبت کر دیتا ہے کہ مرحوم قربانیوں کے مجسم اور نظریہ خودمختار کشمیر کے داعی تھے۔بیان کے مطابق مرحوم عبدالحمید بٹ  زندگی کی آخری سانس تک نظریہ خودمختار کشمیر اور تحریک آزادی کے علمبردار رہے۔ جنہوں نے بستر علالت سے جہد مسلسل کو ترجیح دیتے ہوئے بیماری کو اپنے راستے کی رکاوٹ نہ بننے دیا بلکہ اکتوبر  کا جسکول، چکوٹھی کی طرف آزادی مارچ و دھرنا ہو یا مظفرآباد میں یو این مبصر دفتر تک لبریشن فرنٹ کا پیدل مارچ، عبدالحمید بٹ مرحوم نے آخری وقت تک ان مظاہروں کی قیادت کی۔بیان کے مطابق لبریشن فرنٹ کے مرکزی رہنماں راجہ حق نواز خان، پروفیسر راجہ ظفر خان، حافظ محمد انور سماوی، خواجہ سیف الدین، سلیم ہارون، زاہد حسین، صابر گل، خواجہ منظور احمد چشتی، سردار جاوید حنیف، سردار محمد انور خان، حافظ ممتاز احمد اور جملہ ممبران سپریم کونسل سمیت زونل سربراہان ساجد صدیقی (آزاد کشمیر و گلگت بلتستان)، لیاقت علی لون (برطانیہ)، ملک مشتاق پاشا (یورپ)، وسیم افتخار درانی (گلف) اور سردار مشتاق خان (کنوینر نارتھ امریکہ) نے اپنے اپنے بیانات میں مرحوم کو یاد کرتے ہوئے نہ صرف انہیں خراج عقیدت پیش کیا بلکہ ادھورے مشن کی  تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا تجدید عہد کیا۔مرکزی ترجمان کے مطابق دنیا بھر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ذمہ داران، قائدین و کارکنان نے مرحوم عبدالحمید بٹ سمیت جملہ شہدائے جموں کشمیر کے حق میں دعائے مغفرت اور تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر پابند سلاسل پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران وطن کی صحتیابی و فوری رہائی کے لئے دعاکی۔