اسرائیل نے لبنان کے ساتھ 300 سے زائد بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی



 بیروت(صباح نیوز)اسرائیل نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں لبنان کے ساتھ 300 سے زائد بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے 29ویں روز 6 خلاف ورزیاں کیں۔27 نومبر سے لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کی تعداد بڑھ کر 301 ہوگئی، ان حملوں میں 33 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے۔لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے مشرق میں بعلبیک، جنوب میں نباطیہ سے منسلک بنت جبیل اور مختلف علاقوں میں بمباری کی، گھروں کو نذرِ آتش کیا ا، جنگی طیاروں اور ڈراونز کی پرواز اور فائرنگ جیسی خلاف ورزیاں کیں۔

دارالحکومت بیروت کے جنوب میں حزب اللہ کے مضبوط گڑھ کے طور پر پہچانے جانے والے داحیہ میں اسرائیلی ڈرون کو نچلی پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا۔لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 8 اکتوبر 2023 سے اب تک 1106 خواتین اور بچوں اور 222 ہیلتھ کئیر ورکرز سمیت کم از کم 4 ہزار 61 افراد ہلاک اور 16 ہزار 661 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

معاہدے کی دوسری شق کے مطابق ، “لبنانی حکومت حزب اللہ یا لبنانی سرزمین پر موجود دیگر تمام مسلح گروہوں کو اسرائیل کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روکے گی، اور اسرائیل عام شہریوں یا لبنان میں ریاستی اہداف ، فوجیوں کے خلاف زمینی، سمندری یا فضائی راستے سے کوئی فوجی حملہ نہیں کرے گا  ۔”