ریاض (صباح نیوز)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے جسمانی اعضا عطیہ کرنے پر 200 سعودی شہریوں کو تیسرے درجے کا شاہ عبدالعزیز تمغہ دینے کی منظوری دے دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جسمانی اعضا عطیہ کرنے والوں میں سعودی مرد و خواتین شامل ہیں جنہوں نے زندگی میں یا دماغی طور پر موت کی صورت میں جسمانی اعضا عطیہ کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے متعدد بارخون کاعطیہ کرنے پر بھی شاہی تمغہ دیا جاتا ہے علاوہ ازیں ایسے افراد جو جسمانی اعضا عطیہ مہم میں اپنا اندارج کراتے ہیں انہیں بھی اس کارِ خیر پر شاہی تمغے سے نوازا جاتا ہے اور جن افراد کے لیے شاہی تمغے کی منظوری دی جاتی ہے ان کے ناموں کا باقاعدہ سرکاری طورپر اعلان کیا جاتا ہے۔