پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے بھارتی بحری جہاز کو ڈوبنے سے بچا لیا

کراچی (صباح نیوز)پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے مصیبت میں پھنسے بھارتی بحری جہاز کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ کے مطابق پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ریسکیو آپریشن میں بھارتی کارگو ڈھو تاجدارے حرم کے عملے کے 9 ارکان کی زندگی بچا لی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی بحری جہاز کراچی سے تقریبا 120 سمندری میل جنوب میں موجود تھا، 26 دسمبر کو جہاز میں پانی کے داخل ہونے پر عملے کے ارکان نے جہاز کو چھوڑ کر لائف رافٹ میں پناہ لی۔

میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سنٹر ممبئی سے حادثے کی اطلاع پر پی ایم ایس اے نے ریسکیو آپریشن کیا۔پی ایم ایس اے کے ایک طیارہ کو حادثے کے مقام پر بھیجا گیا جس نے کامیابی سے زندہ بچ جانے والوں کا پتہ لگایا اور قریبی تجارتی جہازوں اور پی ایم ایس اے کے جہازوں کو جائے حادثہ پر بھیج دیا اور بعد میں بحالی کیلئے قریبی ہندوستانی پانیوں میں کام کرنے والے کوسٹ گارڈ کے جہاز کو بھی سہولت فراہم کی۔ ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق پی ایم ایس اے نے فوری طور پرمربوط ریسکیو آپریشن شروع کرکے بھارتی کارگو ڈھو تاجدار حرم عملے کے 9 ارکان کو بچالیا گیا۔