اسلا م آباد(صباح نیوز)وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پانچ ماہ میں مثبت معاشی پیشرفت اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کر دہ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق برآمدات، ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور زرمبادلہ زخائر میں اضافہ ہواہے ، رواں ماہ مہنگائی مزید کم ہو کر 4 سے 5 فیصد رہنے کا امکان ہے ، پالیسی ریٹ 13 فیصد کی سطح پر آنے سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے جبکہ گاڑیوں اورسیمنٹ کی پیداوار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم مجموعی صنعتی شعبہ دباو کا شکار ہے ۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز کی پیداوار ایک نئے دور کا آغاز ہے، 5 ماہ میں زرعی قرضوں میں 8.5 فیصد اضافہ، حجم 925 ارب روپے تک پہنچ گیا، کم بارشوں سے پانی کی قلت کا خدشہ، گندم سمیت ربی کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، ایک سال میں پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 13 فیصد پر آگیا، روپیہ بھی مستحکم ہوا ہے ، ڈالر ریٹ 4 روپے 48 پیسے سستا، 282.90 سے 282.90 روپے پر آگیا،رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر پرائمری بیلنس 3 ہزار 124 ارب روپے سرپلس رہا، اخراجات پر قابو، مالی خسارہ 495 ارب روپے سرپلس میں تبدیل ہوگیا، جولائی تا نومبر ترسیلات زر میں 33.6 فیصد اضافہ، حجم 14.76 ارب ڈالر رہا، پانچ ماہ میں برآمدات 7.4 فیصد اضافے سے 13.28 ارب ڈالر ریکارڈ، جولائی تا نومبر کرنٹ اکاونٹ 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔
وزارت خزانہ کا کہناتھا کہ اس دوران درآمدات میں 8.3 فیصد اضافہ، حجم 23 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، مجموعی سرمایہ کاری 42.2 فیصد اضافے سے 1 ارب 27 کروڑ ڈالر رہی، زرمبادلہ زخائرمیں 4 ارب 60 کروڑ ڈالر اضافہ، حجم 11 ارب 85 کروڑ ڈالر ہوگیا ، جولائی تا اکتوبر ایف بی آر ٹیکس ریونیو میں 23.2 فیصد اضافہ، 4295 ارب جمع ہوئے، اس دوران نان ٹیکس ریونیو میں دوگنا اضافہ، 3 ہزار 192 ارب روپے رہا، مالی و انتظامی اصلاحات سے پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی