اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائر

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کیخلاف شکایت دائرکرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کی قانون کی ڈگری جعلی ہے۔کراچی کے شہری عرفان مظہر کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیجی گئی درخواست میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی قانون کی ڈگری کو جعلی قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ جامعہ کراچی نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری کی توثیق نہیں کی۔

شکایت کنندہ کا دعوی ہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کے رول نمبر میں بھی تضاد ہے، جسٹس طارق محمود کا رول نمبر ریکارڈ کے مطابق امتیاز احمد کا تھا، جسٹس طارق جہانگیری نے ایل ایل بی کا پہلا حصہ جس رول نمبر سے مکمل کیا وہ امتیاز احمد کو جاری ہوا تھا۔درخواست گزار نے سپریم جوڈیشل کونسل سے استدعا کی ہے کہ جسٹس طارق محمد جہانگیری کیخلاف کارروائی کی جائے کیونکہ وہ مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے ہیں، یونیورسٹی کسی بھی طالبعلم کو ایک ہی رجسٹریشن نمبر جاری کرتی ہے دونہیں۔