کراچی (صباح نیوز)اورنگی ٹاؤن میں پانی کے شدید بحران ، کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ ، اووربلنگ ، بجلی کے بھاری بلوں اور ان میں ظالمانہ سلیب سسٹم و ٹیکسز کے خلاف پیر کو جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن کے مکینوں ، مرد وخواتین ، بچوں اور نوجوانون نے بڑی تعداد میں اسلام چوک پر زبردست عوامی دھرنا دیا جو رات گئے تک جاری رہا ، مظاہرین نے سندھ حکومت وقبضہ میئر،کے الیکٹرک ، واٹر بورڈ اور نیپرا کے خلاف زبردست غم و غصے کا اظہار کیا اور پرجوش نعرے لگائے ۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر ”اورنگی کو بجلی دو ،اورنگی کو پانی دو ،بھاری بل بجلی غائب نامنظور نامنظور ،کے الیکٹرک کی غنڈہ گردی ختم کرو، کے الیکٹرک کی حکومتی سر پرستی بند کرو،لوڈشیڈنگ ختم کرو ، کراچی کو سستی بجلی دو ، K-4منصوبہ مکمل کرو ،،ٹینکر مافیا کو لگام دو ، ٹیکس لیتے ہو پانی تو دو، اہل کراچی کو جینے کا حق دو، کہانی نہیں پانی دو، ٹینکروں میں نہیں نلکوں میں پانی دو، قبضہ مئیر پانی دو ورنہ کرسی چھوڑ دو، واٹر بورڈ کے راشی افسران کو برطرف کرو، فارم 47کی حکومت نامنظور’ آئی ایم ایف بجٹ نامنظور و دیگر نعرے اور مطالبات درج تھے۔
مقررین نے متنبہ کیا کہ اگر مسائل حل اور مطالبات منظور نہ ہوئے تو کے ایم سی بلڈنگ اور کے الیکٹرک و واٹر بورڈ کے دفاتر سمیت شہر کے اہم شاہرائوں پر دھرنے دیئے جائیں گے ۔ دھرنے میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا ۔ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مدثر حسین انصاری نے کی ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ودیگر نے بھی دھرنے سے خطاب کیا ۔منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیں گے’ حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنا ہوں گے، جماعت اسلامی پوری عوامی قوت کے ساتھ میدان میں موجود ہے ، اس شہر اور شہریوں پر بہت ظلم ہوچکا’ جماعت اسلامی عوامی کی حقیقی ترجمانی کا حق ادا کرے گی۔ اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کا دھرنا آخری دھرنا نہیں حکمرانوں کی بے حسی کا سلسلہ جاری رہا تو احتجاج کا دائرہ شہر بھر میں وسیع اور ظالم حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے، ظالمانہ بجٹ اور اس میں بھاری ٹیکسز، بجلی نرخوں میں مسلسل اضافے اور سیلب سسٹم کے خلاف جماعت اسلامی نے ملکی سطح پر تحریک کا آغاز کردیا ہے، 12جولائی سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کا آغاز ہو رہا ہے ، یہ ظالم حکمرانوں، امریکی اور عالمی سامراج کے ایجنٹوں سے نجات کا ذریعہ بنے گا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کی طرح اورنگی ٹائون کی تباہی و بربادی کی ذمہ دارپیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں ، قبضہ میئر کی طرح اورنگی ٹائون چیئر مین بھی قابض چیئر مین ہیں ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اورنگی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ، یہاں سے جیتنے والے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے بھی پانی کی قلت سمیت عوام کے دیگر مسائل حل نہیں کیے ، اورنگی سے ایم کیو ایم کا وفاقی وزیر بھی رہا وہ بتائے کہ اس نے نوجوانوں کے روزگار کے لیے کیا کیا؟ جبکہ جماعت اسلامی نے تو بنو قابل کے تحت کراچی کے ہزاروں بچوں و بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کرائے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنگی کا نالہ بھی یہاں کے مکینوں کا بڑا مسئلہ ہے ، کے ایم سی اس کی صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہیں کرتی جس کی وجہ سے انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اورنگی کے مکینوں کو بجلی سمیت بنیادی ضروریات اور سہولیات فراہم کی جائیں اور اورنگی نالے کی صفائی فی الفور کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہریوں کو ڈاکوؤں اور رہزنوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، جو بچ جاتا ہے وہ سیاسی لبادے میں موجود لٹیرے، ٹیکسوں کی بھرمار اور عالمی ساہو کاروں کی ملی بھگت سے لوٹ لیتے ہیں’ جاگیر دار اور وڈیرے ملک پر مسلط ہیں’ سندھ میں16سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے مجال ہے جو اس نے ان سولہ برسوں میں عوام کا کوئی ایک مسئلہ بھی حل کیا ہو، کراچی میں بلدیہ پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شکست خوردہ عناصر کو مسلط کردیا گیا ،میگاسٹی بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ عوام کے ساتھ مذاق ہے، اپوزیشن سے مشاورت کی گئی نہ اسٹیک ہولڈرز سے ،مدثرانصاری نے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ مسائل حل اور مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ٹاؤن آفس اورنگی’ آئی بی سی کے الیکٹرک اورنگی سمیت فارم 47کی پیداوار حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے،انہوں نے کہا کہ اہل اورنگی کئی برس سے پانی سے محروم ہیں، حب ڈیم میں پانی موجود ہے لیکن لائنوں کے بجائے ٹینکروں کے ذریعے فراہمی سوالیہ نشان ہے’ اورنگی کے مکین شدید گرمی میں 5ہزار روپے میں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں’ بدترین مہنگائی میں رہی سہی کسر بجلی کے بھاری بلوں نے پوری کردی ہے’ سلیب سسٹم نے غریب کا جینا محال کردیا ہے’ 12، 12گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے اس کے باوجود بل 12تا30ہزار روپے آتے ہیں ، غریب جائے تو کدھرجائے’ مہنگاپانی اور مہنگی بجلی عوام پر لاد دی گئی ہے’ اس صورتحال میں کس طرح خاموش رہا جاسکتا ہے’ ہم عوام کی آواز بنیں گے، جماعت اسلامی ہی عوامی مسائل کا درد رکھتی ہے اور اسے حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔مطالبات پورے ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی، عوامی حقوق کا معاملہ وقتی نہیں’ نظام اور قیادت کی تبدیلی تک چین سے نہیں بیٹھ سکتے’ مدثر انصاری دھرنے میں شرکت پراورنگی کے عوام بالخصوص خواتین وبچوں کا شکریہ ادا کیا ۔ محمد فاروق نے کہا کہ اورنگی کے عوام کی آواز سندھ اسمبلی میں اُٹھاؤں گا، آپ کے مسائل ہر فورم پر پیش کروں گا، جب بھی ضرورت پڑی اورنگی کے عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا،دھرنے سے سیکرٹری عبدالحنان خان،نائب امراء خالد زمان شیخ’ شہبازخالد، ڈپٹی سیکریٹریز اسد خان’مناظرالحسن،عبدالسلیم مندوخیل یوسی چیئرمین نورالاسلام، عطائے ربی، حاشرعمر، وائس یوسی چیئرمین ظفر اقبال، کرامت علی اور زاہد اقبال نے بھی خطاب کیا جبکہ حلقہ خواتین کی ناظمہ ضلع اور سٹی کونسلر ارجمند شوکت ،ٹاؤن کونسلررابعہ سلیم’ نائب ناظمہ ضلع لبنی اسد بھی دھرنے میں شریک تھیں۔#