سندھ میں بدامنی، لاقانونیت اور ڈاکو راج سے ہر شخص پریشان ہے،اسد اللہ بھٹو

کراچی،سکھر(صباح نیوز ) سینئر رہنما جماعت اسلامی و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہاکہ فوجی عدالتوں میں سولین کا ٹرائل جمہوریت کی نفی اور جمہوریت کی رٹ لگانے والی جماعتوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، بجلی بلوں میں کمی کے لیے وزیراعظم کا آئی ایم ایف سے اجازت لینے سے مشروط کرنا بدترین غلامی ہے۔سندھ میں بدامنی، لاقانونیت اور ڈاکو راج سے ہر شخص پریشان ہے۔ بدامنی کے خلاف جماعت اسلامی کی اے پی سی وقت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی قانون کی حکمرانی، جمہوریت کی بالادستی ،مہنگائی ،بجلی وگیس بلوں میں اضافے اور پانی پر ڈاکے سمیت حکمرانوں کے ظالمانہ و عوام دشمن اقدامات کے خلاف پر امن و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے صدر ایڈووکیٹ قربان علی ملانو سے ملاقات کے دوران کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے انہیں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 12 جنوری کو مقامی ہوٹل سکھر میں منعقد ہونے ونیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا حزب اللہ جکھرو بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قربان ملانو نے سندھ میں امن کی بحالی کے لیے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا اور اپنی شرکت کا یقین دلایا۔ اسداللہ بھٹو نے پریس کلب پر پہنچ کر صدر آصف ظہیرخان لودھی ، جنرل سیکریٹری امداد بوزدار ودیگر کو مبارکباد اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔