کراچی (صباح نیوز)گورنر ہاؤس کراچی میں تاریخ ساز پہلی گورنرز سمٹ منعقد ہوئی جس میں چاروں صوبوں کے گورنرز نے شرکت کی۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان، خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔
بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ بھی شریک تھے۔ تقریب میں ملکی معاملات سمیت مختلف امور پر بات کی گئی اور گورنرز نے خطابات کیے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سیاست نہیں ریاست ہماری ترجیح ہے، پاکستان کو معاشی استحکام کی ضرورت ہے، معاشی استحکام میں گورنرز اپنا کردار ادا کریں گے۔
گورنرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ گورنرز صوبے میں وفاق کے نمائندے ہوتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آئین عوام کیلئے ہوتا ہے، آئین پاکستان عوام کے حقوق کا محافظ ہے، ہمیں عوام کی خدمت کیلئے آگے آنا چاہئے، ہم زیادہ سے زیادہ عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کچھ نکات پر اتفاق ہوا ہے جو صدر اور وزیراعظم کو پیش کریں گے، سٹاک ایکسچینج اچھی چل رہی ہے، شرح سود کم ہو رہی ہے، اڑان پاکستان کے تحت پاکستان آگے بڑھے گا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہمیشہ وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے، ملک کی بہتری کیلئے گورنرز اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، مشکل حالات میں ایک اتحادی حکومت بنائی گئی، یہ اتحاد مجبوری میں کیا گیا،ان 8 سے 9 ماہ میں ملک بہتری کی طرف گیا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، کوشش ہوگی ملک کو آگے لے جانے کیلئے گورنرز کا کردار ہو۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شکرگزار ہوں، آج بہت سی چیزوں پر بات چیت کی، آئین و قانون کے تحت جہاں ہماری ضرورت ہوگی جائیں گے۔ فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا کہ گورنرز آگے بڑھیں ہم ان کے ساتھ ہیں، گلگت بلتستان میں بھی بہت مسائل ہیں، اس کانفرنس کے ذریعے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔