کے یو جے (دستور) کی سنو نیوز سے صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی کٹوتی پر شدید مذمت

کراچی(صباح نیوز)کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدراور جنرل سیکریٹری نے سنو نیوزسے صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور بڑے پیمانے پر تنخواہوں کی کٹوتی پر شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم ، چیف جسٹس سپریم کورٹ  اور چیئرمین پیمرا سے معاملے کا نوٹس لینے اور برطرف ملازمین اور اصل تنخواہ کی بحالی تک چینل کا لائسنس معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے ملازمین کی فوری بحالی نہ ہونے کی صورت میں  سنو نیوز کے دفترپر احتجاج اور دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنو ٹی وی سے صحافیوں کی بلاجواز برطرفی اور مہنگائی کے اس دور میں تنخواہوں میں بے جا کٹوتی کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس قسم کے عمل سے ناصرف صحافیوں کے چولہے ٹھنڈے پڑتے ہیں بلکہ اس سے میڈیا جیسے آزاد اور ذمہ دار ادارے کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔

صحافیوں کی نمائندہ تنظیم کے رہنماوں نے بیان میں کہا کہ ہم وزیر اعظم، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیئرمین پیمرا سے فوری کارروائی کرنے صحافیوں کی بحالی اور ملازمین کی تنخواہوں کی بحالی  کا معاملہ حل ہونے تک چینل کا لائسنس معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینل کی انتظامیہ نے سنو نیوز کے صحافیوں کو ان کی ملازمتوں سے جبری برخاستگی اور تنخواہوں میں کٹوتی سے آگاہ کیا۔ چینل نے ملکی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انہیں کسی بھی قسم کی پیشگی اطلاع اور تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کسی بھی قسم کی یقین دہانی کے بغیر ملازمتوں سے فارغ کیا۔

کے یوجے دستورکے رہنماوں نے کہا کہ صحافی حقوق کی خلاف ورزی پر متاثرہ صحافیوں کو انصاف دلانے کے لئے سنونیوز کے آفس کے باہر احتجاج اوردفاتر کے باہر بینر آویزاں  کئے جائیں گے۔ سیکریٹری کے یوجے دستور نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ آزادی صحافت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لئے فوری ایکشن لیں اور سنونیوز کے صحافیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا کو بے ایمان مالکان کے ہاتھوں ہرگز یرغمال نہیں بنانا چاہیے، اور کے یو جے دستور اپنے ساتھیوں کے لیے احتساب اور انصاف کا مطالبہ کرنے کے لے متحد ہے