ڈپٹی چیئرمین سیدال خان سے مختلف قبائلی وفود کی ملاقاتیں

اسلام آباد (صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سیدال خان سے مختلف قبائلی وفود سمیت سینیٹر عرفان الحق صدیقی،سینیٹر دانیش کمار،سینیٹر فلک ناز، جے یو ائی رہنما سردار نجیب اللہ،جعفر کریم بنگر ،سابق صوبائی وزیر میر خالد خان لنگو ،ایم این اے ملک ادریس اور سابق وفاقی وزیر غالب کی سر براہی میں مختلف وفود نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ڈپٹی چیئرمین نے وفود کو خوش آمدید کہا۔وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل کے حل،بلوچستان کی ترقی اور میگا پروجیکٹس کی بروقت تکمیل اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ملکر کام کریں گی وزیراعظم پاکستان بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں حکومت کے مثبت پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے اور غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پرتیار ہیں سیدال خان ناصر نے کہا کہ گوادر پورٹ بلوچستان کی ترقی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔

مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے گوادر پورٹ اور صوبے میں جاری دیگر بڑے منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایات دی تاکہ صوبے کے لوگ ان بڑے میگا پروجیکٹس سے فائدہ اٹھاسکیں مسلم لیگ(ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت ملکر بلوچستان میں صحت ، تعلیم ، زراعت سمیت دیگر شعبوں کی بہتری اور عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی عوام نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ(ن) پر جس اعتماد کا اظہار کیا انشااللہ اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی .

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کار بلوچستان سمیت ملک بھر میںسرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں  وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک ایک مرتبہ پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔