عوامی حقوق کے لئے 12 جولائی کو ہر صورت اسلام آباد میں دھرنا ہو گا ۔حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بجلی گیس پٹرول کی قیمتوں اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف بارہ جولائی کو ہر صورت اسلام آباد میں دھرنا ہو گا، وفاقی دارالحکومت کی سب سے اچھی جگہ پر عوامی ریلیف کے لیے بیٹھیں گے، حکومت نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو یہ حکومت کے اپنے خلاف اقدام ہو گا، حکومت گرانا ہمارا ایجنڈا نہیں،حکومت خود گرنا چاہتی ہے تو ہمیں کیا اعتراض ہوسکتا ہے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے جیل سے باہر آنے پر ان کے ساتھ قومی ایشوز پر بات چیت ہو گی ،اسٹیبلشمنٹ کے خلاف زور شور سے باتیں کرنے والوں کے متعلق پتہ نہیں لگ رہا یہ کس کے آدمی ہیں ،

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اسلام آباد میں  نجی ٹی وی چینل کے بیورو چیفس سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،حافظ نعیم الرحمان نے الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ رابطہ بھی ہے اور ملاقاتیں بھی ہیں انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف جدوجہد ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے اس حوالے سے سب کا ایک ہی موقف ہے تاہم جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں ہے جماعت اسلامی سیاسی عمل کو ایشوز کی بنیاد پر آگے بڑھا رہی ہے ماضی کے اتحادوں کا بھی کوئی اچھا نتیجہ نہیں نکلا مقاصد پورے نہیں ہوتے اور بد مزگی پر اس کا اختتام ہوتا رہا ویسے بھی دو تین مہینے سے تحریک تحفظ آئین کی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی اس معاملے پر پی ٹی آئی ایک پیج پر نہیں ہے بانی چیئرمین جیل میں ہیں جبکہ باہر ہر ایک عمران خان بنا ہوا ہے سیاسی جماعتوں کے داخلی انتشار اور کنفیوژن کے ماحول میں اپنے ووٹر اور سپورٹر کو کنفیوژ نہیں کر سکتے آئین کی بالادستی چاہتے ہیں جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے سب ادارے اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جائیں ورنہ ملک گرداب سے نہیںنکل سکے گا عوام اور اداروں میں دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں آئی پی پیز کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی بھرمار ہے آٹے دال چینی پر بھی ٹیکس لگا دیا جبکہ اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں لایا جاتا اس حوالے سے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے جاگیرداروں سے ٹیکس کیوں نہیں وصول کیا جاتا

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم کو وسیع کیا جا رہا ہے مختلف شعبوں کے حوالے سے ٹیمیں اور ورکنگ گروپ بنا رہے ہیں عوامی ایشوز کی بنیاد پر عوام کے ساتھ اتحاد ہو چکا ہے اسی لیے دھرنا دے رہے ہیں جو جماعت بھی دھرنا میں شریک ہونا چاہے اس کا خیر مقدم کریں گے یہ علامتی دھرنا نہیں ہو گا مستقل بیٹھیں گے اسلام آباد کی سب سے اچھی جگہ دھرنا ہو گا ملک بھر سے قافلے آئیں گے تاجر تنظیموں نوجوانوں طلباء کسانوں مزدوروں سب سے رابطے ہیں جلد دھرنے کا چارٹر آف ڈیمانڈ کا اعلان کر دیا جائیگا وسائل بھی موجود ہیں مگر اہلیت اور صلاحیت کا فقدان ہے اصل مسئلہ حکمرانوں کی نا اہلی اور نالائقی ہے اور یہی سب سے بڑا بوجھ پاکستان پر ہے ایف بی آر کے بائیس ہزار ملازمین کیا کر رہے ہیں سارے تو ان ڈائریکٹ ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں ملک کا پہیہ  نہیں چل رہا ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ہمارے جمہوری حقوق کو پامال کرنے کوشش نہ کی جائے دھرنے میں رکاوٹ سے یہ خود اپنے خلاف اقدام کریں گے ہمارا ایجنڈا حکومت گرانا نہیں ہے اگر حکومت خود گرنے پر تیار ہو تو ہمارا کیا اعتراض ہو سکتا ہے ملک میں اصلاحات کی ضرورت ہے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات سے بہتری کی جانب بڑھ سکتے ہیں ۔ ہمارے پاس ریاست کو چلانے کا روڈ میپ موجود ہے لوگ جماعت اسلامی کو اپنی سیاسی چوائس بنا رہے ہیں ۔ دھرنے کے مقاصد میں بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی گیس پر لیویز میں کمی تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکسوں کا خاتمہ ہے ٹیکسوں کے  منصفانہ نظام کی ضرورت ہے جلد باقاعدہ طور پر دھرنے کا چارٹر آف ڈیمانڈ کا اعلان کر دیا جائیگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں سولہ سال سے برسراقتدار ہے صوبے میں کوئی انفراسٹرکچر نہیں ہے پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے کراچی میں صنعتیں مسائل سے دوچار ہیں تین سو یونٹ فری بجلی کا اعلان کیا تھا ان جماعتوں پر عوام کو اعتماد نہیں رہا نون لیگ ویسے بھی فارغ ہو چکی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ عمران خان اس وقت جیل میں ہیں وہ جب بھی باہر آئیں گے ان سے قومی ایشوز پر بات چیت ہو گی حق دو عوام کو تحریک شروع کر چکے ہیں ہر قیمت پر اسلام آباد میں دھرنا ہو گا حکمران جھوٹ بول رہے ہیں کہ مہنگائی کم ہوئی کہاں مہنگائی کم ہوئی ہے ان سے ملک چلنے والا نہیں ہے حقیقی جمہوری قوت ہی ملک چلانے کے اہل ہوتی ہے حافظ نعیم ا الرحمان نے کہا کہ جلد جماعت اسلامی کی طرف سے عام ممبر شپ مہم شروع کر دی جائیگی عام لوگوں کی  کمیٹیاں بنائیں گے سب کے لیے جماعت اسلامی دروازے کھلے ہیں ۔ بنو قابل منصوبے کو ملک بھر میں وسیع کریں گے ،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ،ضلعی امیر نصراللہ رندھاوا بھی موجود تھے۔